سرخ حویلی کا خواب، چینی زبان کا عظیم ناول

کاؤ شوئے چن نے چنگ دور کی زبان، لباس، رسوم، خوراک، شاعری، خاندان اور طبقاتی نظام کی اتنی تفصیل لکھی ہے کہ اسے پڑھ کر پورے عہد کی تصویر سامنے آجاتی ہے

سرخ حویلی کا خواب، چینی زبان کا عظیم ناول

ہونگ لو مینگ یا سرخ حویلی کا خواب چین کے کلاسیکی ادب کا عظیم ناول سمجھا جاتا ہے۔ اس کے مصنف کاؤ شوئے چن اٹھارویں صدی کے چینی ادیب تھے جنہوں نے اپنے خاندان کے عروج و زوال کے تجربات کو اس ناول میں غیر معمولی ادبی شکل دی۔ یہ ناول صرف عشقیہ داستان نہیں بلکہ پورے چینی سماج، اشرافیہ، خواتین کی زندگی، روحانیات، سیاست، خاندان اور انسانی خواہشات کا وسیع مرقع ہے۔ چین میں اس ناول کو اتنی اہمیت حاصل ہے کہ اس کے مطالعے کے لیے مستقل علمی شعبہ وجود میں آیا جسے ریڈولوجی کہا جاتا ہے۔

کاؤ شوئے چن ایسے خاندان میں پیدا ہوئے تھے جو ابتدا میں شاہی دربار کے قریب تھا اور بے حد دولت اور اثرورسوخ رکھتا تھا۔ ان کے خاندان کا تعلق چنگ سلطنت کے ان امیر گھرانوں سے تھا جو شاہی خدمات انجام دیتے تھے۔ لیکن سیاسی تبدیلیوں اور درباری سازشوں کے نتیجے میں یہ خاندان زوال کا شکار ہوگیا۔ دولت، جاگیریں اور اقتدار سب ختم ہوگئے۔ کاؤ شوئے چن نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ غربت میں گزارا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے ناول میں اس عظیم خاندان کی تباہی کا درد بار بار محسوس ہوتا ہے جو کبھی شان و شوکت کی علامت تھا۔ کہا جاتا ہے کہ وہ ناول مکمل نہیں کرسکے تھے۔ ابتدائی اسی ابواب انھیں کے لکھے ہوئے مانے جاتے ہیں لیکن بعد کے ابواب غالباً دوسرے ادیبوں نے مکمل کیے۔

ناول کا مرکزی کردار جیا باؤ یو ہے، جو ایک امیر خاندان کا حساس، خواب دیکھنے والا اور روایت شکن نوجوان ہے۔ اس کی پیدائش ایک پراسرار واقعے سے جڑی ہوئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ منہ میں ایک جادوئی پتھر لے کر پیدا ہوا، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ اس کا تعلق عام انسانوں سے مختلف ہے۔ باؤ یو کو سرکاری امتحانات، کنفیوشیائی اخلاقیات اور مردانہ سماجی ذمے داریوں سے کوئی خاص دلچسپی نہیں۔ اس کے برعکس وہ عورتوں کی صحبت، شاعری، خوابوں اور جذباتی دنیا کی طرف زیادہ مائل ہے۔

ناول کی سب سے اہم جہت باؤ یو، لن دائی یو اور شوئے باؤ چائی کے درمیان جذباتی تعلق ہے۔ لن دائی یو ایک نازک مزاج، حساس اور بیمار سی لڑکی ہے جو باؤ یو سے روحانی ہم آہنگ معلوم ہوتی ہے۔ دونوں شاعری، تنہائی اور جذباتی گہرائی میں ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ دائی یو کے کردار میں اداسی اور شکستہ دلی نمایاں ہے۔ دوسری طرف شوئے باؤ چائی خوبصورت، سمجھدار، متوازن اور روایتی خوبیوں کی حامل لڑکی ہے۔ خاندان کے لوگ اسے باؤ یو کے لیے زیادہ مناسب سمجھتے ہیں۔

یہ محبت کی ایسی تکون بن جاتی ہے جس میں جذبات اور سماجی تقاضے ایک دوسرے سے ٹکراتے رہتے ہیں۔ باؤ یو دل سے دائی یو کو چاہتا ہے لیکن خاندان کی مرضی اور سماجی مصلحتیں اسے باؤ چائی کی طرف دھکیلتی ہیں۔ آخر دھوکے اور غلط فہمی کے ماحول میں باؤ یو کی شادی باؤ چائی سے کردی جاتی ہے جبکہ دائی یو دل ٹوٹنے کے باعث مر جاتی ہے۔ یہ منظر چینی ادب کے سب سے المناک واقعات میں شمار ہوتا ہے۔

لیکن ناول صرف محبت کی کہانی نہیں۔ اس میں جیا خاندان کی وسیع دنیا دکھائی گئی ہے، جہاں درجنوں کردار ہیں۔ خادمائیں، نوکر، بزرگ خواتین، شاعرا، افسر، راہب، بچے اور رشتے دار۔ ہر کردار اپنی الگ نفسیات اور زندگی رکھتا ہے۔ خاص طور پر خواتین کرداروں کی گہرائی اس ناول کو منفرد بناتی ہے۔ بہت سے ناقدین کا خیال ہے کہ کاؤ شوئے چھن نے خواتین کو مردوں سے زیادہ ذہین، حساس اور ہمدرد دکھایا ہے۔

ناول میں خاندان کا زوال رفتہر فتہ سامنے آتا ہے۔ ابتدا میں محلات، باغات، تقریبات اور عشرت بھری زندگی دکھائی دیتی ہے۔ لیکن وقت کے ساتھ مالی بحران، سیاسی مشکلات، اخلاقی کمزوریاں اور درباری تبدیلیاں اس عظیم خاندان کو اندر سے کھوکھلا کردیتی ہیں۔ وہ شان دار دنیا بکھر جاتی ہے جسے ناول کے آغاز میں تقریباً دائمی محسوس کیا جاتا ہے۔ یہ کاؤ شوئے چن کے اپنے خاندان کے زوال کی بازگشت بھی ہے۔

اس ناول کی ایک خاصیت اس کی علامتی اور روحانی فضا ہے۔ خواب، بدھ مت، تاؤ مت اور قسمت کے تصورات پوری کہانی میں شامل ہیں۔ بار بار یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ دنیا کی دولت، حسن اور طاقت سب عارضی ہیں۔ محبت بھی ہمیشہ باقی نہیں رہتی۔ انسان جن چیزوں کو مستقل سمجھتا ہے، وہ وقت کے ساتھ ختم ہوجاتی ہیں۔ ناول میں ایک گہری اداسی اور فنا کا احساس موجود رہتا ہے۔

ادبی اعتبار سے بھی سرخ حویلی کا خواب غیرمعمولی اہمیت رکھتا ہے۔ اس کی زبان شاعرانہ ہے، کردار پیچیدہ ہیں اور انسانی نفسیات کی باریکیاں اپنے زمانے سے بہت آگے کی چیز محسوس ہوتی ہیں۔ اسے اکثر دنیا کے عظیم ناولوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

چین میں یہ ناول صرف ادبی شاہکار نہیں بلکہ تہذیبی دستاویز سمجھا جاتا ہے۔ اس میں چنگ دور کی زبان، لباس، رسوم، خوراک، شاعری، خاندان اور طبقاتی نظام کی اتنی تفصیل موجود ہے کہ اسے پڑھ کر پورے عہد کی تصویر سامنے آجاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دو سو برس گزرنے کے باوجود سرخ حویلی کا خواب کی مقبولیت برقرار ہے اور ہر نسل اسے اپنے انداز میں دوبارہ دریافت کرتی ہے۔


اس بارے میں مزید جاننے کے لیے ان لنکس پر کلک کریں:

The Conversation: Why you should read China’s vast, 18th century novel, Dream of the Red Chamber

Guardian: Why is China’s greatest novel virtually unknown in the west?