قطب شمالی میں مہم جوئی، ایک خاتون کی یادداشتیں

تنہائی، خوف اور غیر یقینی کیفیت رٹر کے لیے بڑا امتحان بن گئی، کئی مواقع پر وہ مایوسی کا شکار ہوئیں، خاص طور پر جب وہ جھونپڑی میں اکیلی رہ جاتیں اور باہر برفانی طوفان چل رہے ہوتے

قطب شمالی میں مہم جوئی، ایک خاتون کی یادداشتیں

کرسٹیانے رٹر آسٹریا کی مصورہ تھیں جن کے شوہر ہر کچھ دن بعد انھیں گھر پر چھوڑ کر قطب شمالی چلے جاتے تھے۔ وہ اس معمول سے تنگ آگئیں اور ایک دن اپنا بیگ پیک کرکے خود بھی قطب شمالی کی طرف چل پڑیں۔ انھوں نے وہاں ایک سال گزارا اور واپس آکر انھوں نے اے وومین ان دا پولر نائٹ کے عنوان سے کتاب لکھی۔

یہ کتاب پہلی بار 1938 میں شائع ہوئی اور اسے ایک منفرد یادداشت کے طور پر بہت پذیرائی ملی۔ رٹر کا انداز تحریر سادہ لیکن نہایت اثرانگیز ہے۔ اس میں فطرت، تنہائی اور انسانی نفسیات کو گہرائی سے بیان کیا گیا ہے۔ ان کی زندگی کا یہ تجربہ نہ صرف جسمانی آزمائش تھا بلکہ ایک روحانی اور ذہنی سفر بھی تھا، جس نے ان کی شخصیت کو بدل کر رکھ دیا۔

کہانی کا آغاز رٹر کے سفر سے ہوتا ہے، جب وہ ایک بحری جہاز کے ذریعے اس دوردراز اور اجنبی دنیا کی طرف روانہ ہوتی ہیں۔ سفر کے دوران انھیں احساس ہوتا ہے کہ وہ ایک ایسی دنیا کی طرف بڑھ رہی ہیں جو ان کی جانی پہچانی تہذیب سے بالکل مختلف ہے۔ جب وہ اپنے شوہر اور ایک نارویجن شکاری کے ساتھ ایک چھوٹی سی جھونپڑی میں پہنچتی ہیں، تو انھیں احساس ہوتا ہے کہ وہاں زندگی نہایت سخت اور غیر یقینی ہے۔

ابتدائی دنوں میں رٹر شدید خوف، بےچینی اور اجنبیت محسوس کرتی ہیں۔ نہ کوئی درخت، نہ سبزہ۔ صرف پتھر، برف اور خاموشی کا وسیع صحرا۔ جھونپڑی کے اندر کوئی سہولتیں نہیں تھیں۔ ایک خراب چولھا، محدود خوراک اور بنیادی ضرورتوں کی کمی۔ انھیں اندازہ ہوا کہ وہاں ہر چھوٹی چیز کے لیے جدوجہد کرنا پڑے گی۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ قطبی رات شروع ہوئی، جب کئی مہینوں تک سورج نظر نہیں آتا۔ یہ اندھیرا صرف جسمانی نہیں بلکہ ذہنی دباو بھی پیدا کرتا ہے۔ تنہائی، خوف اور غیر یقینی کیفیت رٹر کے لیے بڑا امتحان بن گئی۔ کئی مواقع پر وہ مایوسی کا شکار ہوئیں، خاص طور پر جب وہ جھونپڑی میں اکیلی رہ جاتیں اور باہر برفانی طوفان چل رہے ہوتے۔

لیکن اس سختی کے دوران ان کے اندر ایک تبدیلی پیدا ہوئی۔ وہ رفتہ رفتہ اس زندگی کے ساتھ ہم آہنگ ہونا سیکھ گئیں۔ وہ شکار میں حصہ لینے لگیں، کھانا تیار کرتیں اور فطرت کے چھوٹے چھوٹے حسن کو محسوس کرنے لگیں۔ ناردرن لائٹس، برف سے ڈھکے مناظر اور خاموشی نے انھیں مسحور کرنا شروع کردیا۔

کتاب کا مرکزی موضوع یہی تبدیلی ہے۔ ایک شہری اور نازک مزاج عورت کا مضبوط، خودمختار اور فطرت سے ہم آہنگ انسان میں بدل جانا۔ پھر جب وہ واپس لوٹیں تو پہلے جیسی نہیں تھیں۔ ایک سال کے تجربے نے انھیں سکھایا کہ زندگی میں سب سے اہم سکون، سادگی، اور فطرت کے ساتھ ہم آہنگی ہے۔ یہ کتاب صرف مہم جوئی کی داستان نہیں بلکہ انسانی روح کی گہری جستجو بھی ہے۔


اس بارے میں مزید جاننے کے لیے ان لنکس پر کلک کریں:

New York Times: Two Sides of the North Pole

Wall Street Journal: The Ritters in the Arctic