پچھلے جنم کی یادیں

تین سالہ بچی اپنی گزشتہ زندگی کی تفصیلات بیان کرتی ہے کہ اسے سانپ نے کاٹا تھا اور اسی سے اس کی موت ہوئی، اس کے جسم پر نشانات دیکھ کر اس کا خاندان اور ڈاکٹر حیرت میں پڑ جاتے ہیں

پچھلے جنم کی یادیں

بنگالی ادیب امیتاو گھوش عالمی سطح کے نمایاں ناول نگاروں میں سے ایک ہیں۔ انھیں بھارت کے اعلی ترین ادبی انعام سے نوازا گیا ہے اور بکر پرائز کے لیے بھی نامزد کیے ہیں۔ ان کا نیا ناول گھوسٹ آئی 16 جون کو شائع ہونے والا ہے۔

ناول کی کہانی 1960 کی دہائی کے کلکتہ میں ایک امیر ہندو مارواڑی خاندان سے شروع ہوتی ہے۔ ان کے ہاں سخت مذہبی اصولوں کے تحت گوشت کھانا ممنوع ہے۔ ایسے میں تین سالہ بچی ورشا اچانک مچھلی کھانے کی ضد کرنے لگتی ہے۔ یہ محض ضد نہیں بلکہ ایک پراسرار واقعہ بن جاتا ہے۔ وہ نہ صرف مچھلی مانگتی ہے بلکہ یہ بھی کہتی ہے کہ اس کی اصل ماں کوئی اور ہے اور اس کا گھر دریا کے کنارے واقع تھا۔

یہ دعوی جلد مزید حیران کن صورت اختیار کرلیتا ہے جب ورشا اپنی گزشتہ زندگی کی تفصیلات بیان کرنے لگتی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ اسے سانپ نے کاٹا تھا اور اسی سے اس کی موت ہوئی۔ اس کے جسم پر نشانات بھی موجود ہوتے ہیں۔ اس کا خاندان اور ڈاکٹر حیرت میں پڑ جاتے ہیں۔ یہ صورتحال ایک ایسے سوال کو جنم دیتی ہے جو پورے ناول پر محیط رہتا ہے، کیا یادداشت صرف حال تک محدود ہے یا ماضی کی کوئی یاد بھی انسان کے اندر زندہ رہتی ہے؟

یہاں گھوش صرف ایک مافوق الفطرت واقعہ بیان نہیں کرتے بلکہ اسے ایک تحقیقی اور نفسیاتی مسئلے کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ ماہر نفسیات شوما اس کیس کا جائزہ لیتی ہے اور اسے پچھلے جنم کی یاد جیسے سائنسی مطالعے کے تناظر میں دیکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اس عمل میں قاری کو ایسے حقیقی واقعات کی جھلک بھی ملتی ہے جن میں بچوں نے اپنی سابقہ زندگیوں کو یاد کرنے کا دعوی کیا اور جن کی تحقیق باقاعدہ علمی اداروں میں کی گئی۔

ناول کا بیانیہ صرف ایک واقعے تک محدود نہیں رہتا بلکہ وقت کے مختلف دھاروں میں سفر کرتا ہے۔ ایک طرف 1960 کی دہائی کا کلکتہ ہے، جسے گھوش نے جاندار تفصیل کے ساتھ پیش کیا ہے۔ دوسری طرف جدید دنیا ہے جہاں ماحولیاتی بحران، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی بے بسی جیسے مسائل موجود ہیں۔ سندربن کا علاقہ، جو سمندری سطح میں اضافے اور طوفانوں کی زد میں ہے، ناول میں ایک علامتی حیثیت اختیار کر لیتا ہے۔

ناول کی سب سے بڑی خوبی اس کی فضا اور یادداشت کا احساس ہے۔ کلکتہ کی گلیاں، گھروں کی فضا اور گزرتے ہوئے زمانے کی جھلک اس ناول کو اثرانگیز بنادیتی ہے۔ آخرکار قاری کے ذہن میں جو چیز رہ جاتی ہے وہ نہ صرف ایک پراسرار کہانی ہے بلکہ ایک ایسا احساس بھی ہے کہ انسانی زندگی، تاریخ اور ماحول ایک دوسرے سے گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں۔


اس بارے میں مزید جاننے کے لیے ان لنکس پر کلک کریں:

Finalcial Times: Ghost-Eye — Amitav Ghosh’s ambitious novel about climate change and reincarnation

Bloomberg: Amitav Ghosh on India and the Emergent World Order