مشرقی علمی سرمائے کو محفوظ کرنے والی ویب سائٹ
"کالاپن" پر اردو، عربی، فارسی، پشتو، پنجابی اور سرائیکی کی ہزاروں نایاب کتابیں دستیاب ہیں، 78 شعبوں کے 60 لاکھ صفحات اسکین کیے جاچکے ہیں
دو سال پہلے کی بات ہے، میں ڈپٹی نذیر احمد کا ترجمہ قرآن تلاش کررہا تھا۔ کسی کتب خانے میں نہیں ملا۔ ایک آن لائن فائل ملی جو دھندلی تھی اور اس سے پڑھنا دشوار تھا۔ اتفاق سے ایک ویب سائٹ پر اس کے تین صفحات ملے جو اچھی طرح اسکین کیےگئے تھے۔ وہاں مکمل قرآن موجود تھا لیکن ویب سائٹ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔ مجھے ایک فون نمبر لکھا ملا۔ میں نے اس پر پیغام چھوڑ دیا۔
یوں عثمان رضوی سے رابطہ ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ ابھی ویب سائٹ عوام کے لیے نہیں کھولی گئی لیکن جلد ارادہ ہے۔ پھر وہ اپنے کام کے بارے میں بتاتے رہے اور میں سن کر خوش اور حیران ہوتا رہا۔
تب میں نے فیس بک پر عثمان صاحب کا تعارف کروایا تھا کہ انھوں نے 2007 میں کام شروع کیا اور قیام پاکستان سے پہلے کی 20 ہزار نایاب کتابوں کے 60 لاکھ صفحات اسکین کر ڈالے ہیں۔ ان کا ارادہ 50 ہزار کتابیں ڈیجیٹائز کرنے کا ہے۔
اس وقت ان کی ویب سائٹ پر کام جاری تھا۔ اب وہ ویب سائٹ لانچ ہوگئی ہے۔ اس کا نام "کالاپن" ہے۔
یہ ایک منفرد ڈیجیٹل لائبریری اور علمی پلیٹ فارم ہے، جس کا بنیادی مقصد اسلامی، جنوبی ایشیائی اور مشرقِ وسطیٰ کے نایاب علمی و ثقافتی ذخیرے کو محفوظ کرنا اور دنیا بھر کے محققین تک پہنچانا ہے۔ یہاں اس علمی سرمائے کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کیا گیا ہے جو ضائع ہونے کے خطرے سے دوچار تھا۔
اس ویب سائٹ پر اردو، عربی، فارسی، پشتو، پنجابی اور سرائیکی کی مجموعی طور پر ہزاروں نایاب کتابیں دستیاب ہیں۔ فی الحال میری رسائی اسلامی شعبے تک ہے جس میں قرآن، تفسیر، حدیث، فقہ، تصوف، سیرت نبوی اور اسلامی تعلیمات جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔ یہ کل ذخیرے کا 20 فیصد ہے۔ باقی 80 فیصد کی کوالٹی چیکنگ جلد مکمل ہونے والی ہے۔ تمام شعبوں کی کل تعداد 78 ہے، جن کے ضمنی موضوعات ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ہیں۔
ایک اہم بات اس ویب سائٹ کا میٹا ڈیٹا ہے۔ میٹا ڈیٹا کسی آبجیکٹ کے ساتھ دستیاب معلومات ہوتا ہے۔ یہاں ہر کتاب کے ساتھ مصنف، ناشر، مقام اشاعت، تاریخ اشاعت، ہر قسم کا ڈیٹا موجود ہے جس سے تحقیق کرنے والے کو بہت آسانی ہوجاتی ہے۔
پاکستان میں لوگ کوالٹی چیک سے واقف نہیں ہوتے اور ہوتے ہیں تو اس کا خیال نہیں رکھتے۔ عثمان بھائی کی ویب سائٹ کا کوالٹی چیک اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے اسلامک اسٹڈیز کے لائبریرین ڈاکٹر رائن پرکنز کے زیر نگرانی ہوا ہے۔
اب تک امریکا کی اسٹیفورڈ، پرنسٹن، پنسلوانیا اور برکلے جیسی یونیورسٹیاں اس ویب سائٹ سے لائف ٹائم ممبرشب لے چکی ہیں جبکہ دس بڑی یونیورسٹیاں ٹرائل ممبرشب پر ہیں۔ کینڈا کی ٹورنٹو، میک گل اور پاکستان کی چند یونیورسٹیاں بھی اس پر توجہ دے رہی ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ ویب سائٹ یونیورسٹیوں اور لائبریریوں کی ریسرچ کے لیے ہے۔ لیکن میں امید کرتا ہوں کہ جلد انفرادی سبسکرپشن بھی شروع کی جائے گی۔ بہت سے لوگ ایسی ویب سائٹس سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں لیکن کسی تعلیمی ادارے سے براہ راست منسلک نہ ہونے کی وجہ سے محروم رہ جاتے ہیں۔
"کالاپن" ویب سائٹ کا وزٹ کرنے کے لیے اس لنک پر کلک کریں:
Kalapan: Explore our collection of rare Islamic, Near Eastern, and South Asian materials.