امریکی آئین اور بل آف رائٹس میں کیا فرق ہے؟
کئی رہنماوں نے آئین پر دستخط نہیں کیے کیونکہ اس میں آزادی اظہار، مذہبی آزادی اور منصفانہ عدالتی کارروائی جیسے بنیادی حقوق کو شامل نہیں کیا گیا تھا
امریکا کا آئین دنیا کی اہم ترین سیاسی دستاویزات میں شمار کیا جاتا ہے لیکن یہ متفقہ آئین نہیں تھا۔ جب یہ 1787 میں تیار ہوا تو اس پر شدید اختلافات سامنے آئے۔ کئی رہنماؤں کو خوف تھا کہ نیا آئین ایک طاقتور مرکزی حکومت قائم کردے گا جو لوگوں کی آزادیوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ اسی بحث کے نتیجے میں بل آف رائٹس وجود میں آیا جس نے امریکی شہریوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بنایا۔
امریکی آئین کی تیاری کا آغاز اس وقت ہوا جب آزادی کی جنگ کے بعد امریکا "آرٹیکلز آف کنفیڈریشن" کے تحت چل رہا تھا۔ یہ نظام کمزور تھا کیونکہ وفاقی حکومت کے پاس نہ ٹیکس لینے کا اختیار تھا اور نہ ہی ریاستوں پر مؤثر کنٹرول۔ اسی مسئلے کے حل کے لیے 1787 میں فلاڈیلفیا میں آئینی کنونشن طلب کیا گیا۔ اس کنونشن میں مختلف ریاستوں کے نمائندے شریک ہوئے۔ سب سے اہم کردار جیمز میڈیسن نے ادا کیا، جنھیں بعد میں فادر آف کونسٹی ٹیوشن یا آئین کا باپ کہا گیا۔ انھوں نے حکومت کے ڈھانچے، اختیارات کی تقسیم اور نمائندگی کے اصولوں پر بنیادی خاکہ تیار کیا۔
آئین کی تیاری میں جارج واشنگٹن، بینجمن فرینکلن، الیگزینڈر ہیملٹن اور گوورنر مورس جیسے رہنماؤں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ خاص طور پر گوورنر مورس نے آئین کے آخری مسودے کی زبان لکھی، جس میں مشہور الفاظ "وی دا پیپل" شامل تھے۔ اب انھیں امریکی تاریخ کے اہم ترین الفاظ کہا جاتا ہے۔
اگرچہ آئین تیار ہوگیا تھا لیکن تمام رہنما اس سے مطمئن نہیں تھے۔ کنونشن میں موجود 55 نمائندوں میں سے 39 نے اس پر دستخط کیے جبکہ تین اہم رہنماؤں نے دستخط کرنے سے انکار کردیا۔ ان میں جارج میسن، ایڈمنڈ رینڈولف اور البریج گیری شامل تھے۔
ان رہنماؤں کے اعتراضات مختلف تھے لیکن سب سے بڑا اعتراض یہ تھا کہ آئین میں عوامی حقوق کی واضح ضمانت نہیں تھی۔ جارج میسن خاص طور پر اس بات پر ناراض تھے کہ آزادی اظہار، مذہبی آزادی اور منصفانہ عدالتی کارروائی جیسے بنیادی حقوق کو تحریری صورت میں شامل نہیں کیا گیا۔ بعض رہنماؤں کو خوف تھا کہ صدر بادشاہ جیسی طاقت حاصل کرسکتا ہے۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بہت زیادہ مضبوط ہوجائے گی اور ریاستوں کے اختیارات ختم ہوجائیں گے۔
آئین کے حامیوں کو فیڈرلسٹس کہا جاتا تھا جبکہ مخالفین اینٹی فیڈرلسٹس کہلاتے تھے۔ الیگزینڈر ہیملٹن، جیمز میڈیسن اور جان جے نے فیڈرلسٹ پیپرز کے نام سے مضامین لکھے جن میں نئے آئین کا دفاع کیا گیا۔ ان مضامین میں کہا گیا کہ مضبوط وفاقی حکومت کے بغیر امریکا ٹوٹ سکتا ہے۔
دوسری طرف اینٹی فیڈرلسٹس کا مطالبہ تھا کہ اگر آئین منظور کرنا ہے تو پہلے شہری حقوق کی ضمانت دی جائے۔ یہی دباؤ بعد میں بل آف رائٹس کی صورت میں سامنے آیا۔ جب آئین منظور ہوگیا تو کئی ریاستوں نے شرط رکھی کہ شہری آزادیوں کے تحفظ کے لیے فوری ترامیم کی جائیں۔
بل آف رائٹس کی تیاری کی ذمے داری دوبارہ جیمز میڈیسن نے سنبھالی۔ اگرچہ ابتدا میں وہ سمجھتے تھے کہ حقوق کی الگ فہرست ضروری نہیں لیکن سیاسی دباؤ اور قومی اتفاق رائے کے لیے انھوں نے یہ کام کیا۔ انھوں نے 1789 میں کانگریس میں متعدد ترامیم پیش کیں۔ ان میں سے دس ترامیم 1791 میں منظور ہوئیں اور وہی بل آف رائٹس کہلائیں۔
اس بل میں کئی بنیادی حقوق شامل کیے گئے۔ پہلی ترمیم میں مذہبی آزادی، آزادی اظہار، آزاد صحافت، پُرامن اجتماع اور حکومت کے خلاف شکایت کرنے کا حق دیا گیا۔ دوسری ترمیم میں اسلحہ رکھنے کے حق کا ذکر کیا گیا۔ تیسری ترمیم نے فوجیوں کو زبردستی گھروں میں ٹھہرانے سے روکا۔ چوتھی ترمیم نے بلاجواز تلاشی اور گرفتاری کے خلاف تحفظ فراہم کیا۔
پانچویں، چھٹی اور ساتویں ترامیم عدالتی حقوق سے متعلق تھیں۔ ان میں منصفانہ مقدمے، وکیل رکھنے، جیوری ٹرائل اور خود اپنے خلاف گواہی دینے پر مجبور نہ کیے جانے جیسے حقوق شامل تھے۔ آٹھویں ترمیم نے ظالمانہ سزاؤں اور غیرمعمولی جرمانوں پر پابندی لگائی۔ نویں ترمیم میں کہا گیا کہ آئین میں درج حقوق کے علاوہ بھی عوام کے دوسرے حقوق موجود ہیں۔ دسویں ترمیم نے واضح کیا کہ جو اختیارات وفاقی حکومت کو نہیں دیے گئے، وہ ریاستوں یا عوام کے پاس رہیں گے۔
اس طرح امریکی آئین اور بل آف رائٹس ایک طویل سیاسی بحث اور سمجھوتے کا نتیجہ تھے۔ آئین نے مضبوط وفاقی نظام قائم کیا جبکہ بل آف رائٹس نے شہری آزادیوں کو تحفظ دیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی امریکا کی سیاست اور عدالتی نظام میں ان دونوں دستاویزات کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
اس بارے میں مزید جاننے کے لیے اس لنک پر کلک کریں:
Annenberg Classroom: The Annenberg Guide to the United States Constitution
Bill of Rights Institute: Bill of Rights: First 10 Amendments