امارات میں اسرائیلی آئرن ڈوم اور آئرن بیم

آئرن بیم ایک لیزر سسٹم ہے جو مختصر فاصلے تک مار کرنے والے راکٹوں اور ڈرونز کو فضا میں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے

امارات میں اسرائیلی آئرن ڈوم اور آئرن بیم

اسرائیل نے ایران کے حملوں سے بچنے کے لیے متحدہ عرب امارات کو آئرن ڈوم کے بعد آئرن بیم نام کا جدید دفاعی نظام بھی فراہم کردیا ہے۔ فائننشل ٹائمز کے مطابق آئرن بیم ایک لیزر سسٹم ہے جو مختصر فاصلے تک مار کرنے والے راکٹوں اور ڈرونز کو فضا میں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ سسٹم گزشتہ ماہ اسرائیل نے خود استعمال کیا تھا۔ اسرائیل نے اسپیکٹرو نام کا نگرانی کا نظام بھی امارات کو فراہم کیا ہے جو 20 کلومیٹر دور سے آنے والے ڈرونز کو شناخت کرسکتا ہے۔

اس سے پہلے امریکی ویب سائٹ ایگزیوس نے خبر دی تھی کہ اسرائیل نے ایران کے ساتھ جنگ کے آغاز پر امارات کو اپنا مشہور دفاعی نظام آئرن ڈوم فراہم کیا تھا۔ اس کے ساتھ اسرائیلی فوجی اہلکار بھی بھیجے گئے تھے تاکہ اسے آپریٹ کرسکیں۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اسرائیل نے آئرن ڈوم کسی دوسرے ملک کو فراہم کیا۔

امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کا سب سے زیادہ ردعمل امارات کو سہنا پڑا۔ اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ایران نے امارات پر تقریباً 550 بیلسٹک اور کروز میزائل اور 2200 سے زیادہ ڈرونز پھینکے۔ ان میں سے بیشتر کو روک لیا گیا تھا لیکن کئی اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب بھی ہوئے۔

اسی پس منظر میں امارات نے اپنے اتحادیوں سے مدد طلب کی اور اسرائیل نے فوری طور پر آئرن ڈوم سسٹم اور درجنوں فوجی اہلکار فراہم کیے۔ ایگزیوس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے حکم پر یہ قدم اٹھایا گیا۔ آئرن ڈوم نے بہت سے ایرانی میزائلوں کو فضا میں تباہ کرکے امارات کا تحفظ کیا۔

جنگ کے دوران اسرائیل نے آئرن بیم اور اسپیکٹرو کو کامیابی سے استعمال کیا۔ اس کے بعد یہ جدید اور کم لاگت والے نظام امارات کو بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ جدید جنگ صرف مہنگے میزائلوں تک محدود نہیں رہی۔ ڈرونز اور سستے حملہ آور ہتھیاروں کے مقابلے کے لیے اب ایسے نظام درکار ہیں جو تیزی سے ردعمل دیں اور کم لاگت ہوں۔ لیزر ٹیکنالوجی اسی سمت میں ایک اہم قدم سمجھی جارہی ہے۔

اسرائیل امارات تعاون بھی خطے کی سیاست میں بڑی تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے۔ ایگزیوں کے مطابق اماراتی حکام نے اسرائیلی مدد کو آنکھیں کھول دینے والا لمحہ قرار دیا اور کہا کہ انھیں معلوم ہوگیا ہے کہ مشکل وقت میں ان کے حقیقی اتحادی کون ہیں۔


 اس بارے میں مزید جاننے کے لیے ان لنکس پر کلک کریں:

Financial Times: Israel rushed laser system to UAE to fend off Iran’s missiles

Axios: Israel sent "Iron Dome" system and troops to UAE during Iran war