کھو جانے والی چیزیں
ایرپن بیک کا کمال یہ ہے کہ وہ ایک غائب ہوتی ہوئے شے کو صرف بیان نہیں کرتیں بلکہ اس کے ساتھ ایک پورے عہد، ایک طرز زندگی اور ایک ذہنی کیفیت کو بھی یاد کرتی ہیں
جینی ایرپن بیک کی کتاب تھنگز دیٹ ڈس اپئیر محض مضامین کا مجموعہ نہیں بلکہ وقت کے ہاتھوں مٹتی ہوئی دنیا کا ایک ادبی مرقع ہے۔ یہ ایسی تحریریں ہیں جو بظاہر معمولی اور روزمرہ مشاہدات سے شروع ہوتی ہیں لیکن آہستہ آہستہ قاری کو تاریخ، یادداشت اور وجود کے گہرے سوالات تک لے جاتی ہیں۔ یہ کتاب transience یعنی ناپائیداری کا ایک kaleidoscopic مطالعہ ہے۔ ہر زاویہ بدلتے ہی معنی بھی بدل جاتے ہیں۔
ایرپن بیک کا کمال یہ ہے کہ وہ ایک غائب ہوتی ہوئے شے کو صرف بیان نہیں کرتیں بلکہ اس کے ساتھ ایک پورے عہد، ایک طرز زندگی اور ایک ذہنی کیفیت کو بھی یاد کرتی ہیں۔ ایک پرانا ٹیلی فون بوتھ، ایک فلوپی ڈسک یا ایک مٹ چکی عمارت، یہ سب محض اشیا نہیں رہتیں بلکہ ماضی کے دروازے بن جاتی ہیں، جن کے پار ایک ایسی دنیا ہے جو اب صرف یاد میں باقی ہے۔
کتاب مختصر مضامین پر مشتمل ہے جو نصف صفحے سے لے کر چند صفحات تک پھیلے ہیں۔ یہ مضامین اپنی ساخت میں بھی غائب ہونے کی تمثیل بن جاتے ہیں۔ قاری کسی خیال میں داخل ہوتا ہے اور اچانک وہ خیال ختم ہوجاتا ہے، جیسے کوئی منظر پلک جھپکتے بدل گیا ہو۔ یہی اختصار اس کتاب کی قوت ہے۔ کم لفظوں میں زیادہ کہہ دینا اور باقی معنی قاری کے دل میں چھوڑ دینا۔
ایرپن بیک کی تحریر میں ایک خاص طرح کی تہہ داری ہے۔ وہ روزمرہ کی چھوٹی باتوں، جیسے گم ہوتی جراب یا باورچی خانے کی کسی چیز سے آگاز کرتی ہیں لیکن ان میں فلسفہ، سیاست اور تاریخ کو اس طرح "اسمگل" کردیتی ہیں کہ قاری کو احساس ہی نہیں ہوتا کہ وہ کب ایک سادہ مشاہدے سے وجودی سوال تک پہنچ گیا۔ اسے ان کی تحریر کا حسن سمجھیں، معمولی میں غیر معمولی کو دیکھنا۔
اس کتاب میں مشرقی جرمنی کا پس منظر بار بار ابھرتا ہے۔ برلن کی دیوار کا گرنا صرف ایک سیاسی واقعہ نہیں بلکہ ایک پوری دنیا کے خاتمے کی علامت ہے۔ ایرپن بیک نے خود اس تبدیلی کو جیا ہے اس لیے ان کے لیے غائب ہونا محض نظری تصور نہیں بلکہ ذاتی تجربہ ہے۔ وہ دکھاتی ہیں کہ جب کوئی نظام ختم ہوتا ہے تو صرف ادارے نہیں بلکہ لوگوں کی عادتیں، تعلقات اور سوچنے کے انداز بھی بدل جاتے ہیں۔
تاریخ کے زخم بھی اس کتاب میں نمایاں ہیں۔ وارسا گھیٹو کا ذکر ہو یا جنگ کے بعد کے شہر، ایرپن بیک ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ کچھ چیزیں مکمل طور پر غائب نہیں ہوتیں بلکہ نشانات چھوڑ جاتی ہیں۔ نئی عمارتیں پرانی تباہی کے ملبے پر کھڑی ہوتی ہیں اور حال ہمیشہ ماضی کے سائے میں جیتا ہے۔
رشتوں کے باب میں بھی یہی کیفیت ہے۔ دوستی ہو یا محبت، ان کا خاتمہ بھی کسی شے کے غائب ہونے جیسا ہے۔ سست، خاموش اور اکثر ناقابل گرفت۔ ایرپن بیک اس خیال کو ایک خوبصورت پیراڈوکس میں بدل دیتی ہیں۔ شاید جتنا مکمل کوئی رشتہ غائب ہوتا ہے، اتنا ہی گہرا وہ یاد میں محفوظ ہوجاتا ہے۔
آکر میں یہ کتاب ایک ایسے سوال پر آکر ٹھہرتی ہے جو قاری کو دیر تک بے چین رکھتا ہے۔ کیا واقعی چیزیں غائب ہوجاتی ہیں یا صرف اپنی صورت بدلتی ہیں؟ کیا عدم دراصل ایک اور طرح کی موجودگی ہے؟
تھنگز دیٹ ڈس اپئیر ایسی کتاب ہے جو پڑھنے کے بعد ختم نہیں ہوتی۔ اس کے مضامین مختصر ضرور ہیں لیکن ان کا اثر دیرپا ہے۔ یہ قاری کے ذہن میں ٹھہر جاتی ہے۔ شاید اس لیے کہ یہ خود غائب ہونے کے خلاف ایک خاموش مزاحمت ہے۔
اس بارے میں مزید جاننے کے لیے ان لنکس پر کلک کریں:
Guardian: Things That Disappear by Jenny Erpenbeck review – a kaleidoscopic study of transience
World Literature Today: Things That Disappear by Jenny Erpenbeck