حلف یافتہ کنواری
رینے کاراباش کا ناول شناخت، جبر، روایت، اور ذاتی قربانی کی داستان ہے، یہ ہمیں بلغاریہ کے اندر جھانکنے کا موقع دیتا ہے اور اس میں مشرقی معاشرے کی جھلک بھی دکھائی دیتی ہے
شی ہو ریمینز رینے کاراباش کا ناول ہے جن کا تعلق بلغاریہ سے ہے۔ یہ ایک ایسے معاشرے کی کہانی بیان کرتا ہے جہاں قدیم روایات، خصوصاً "کنون" انسانوں کی زندگیوں پر مکمل حاوی ہے۔ کہانی کی مرکزی کردار بیکیجا ہے، جو بعد میں متیجا کے نام سے "حلف یافتہ کنواری" بن جاتی ہے۔ یعنی ایسی عورت جو مردوں کی طرح زندگی گزارنے کے لیے اپنی نسوانیت ترک کرنے کی قسم اٹھاتی ہے۔
کہانی کا آغاز بیکیجا کے بچپن سے ہوتا ہے، جہاں اس کے والد بیٹے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اس خواہش کا بیکیجا کی شناخت پر گہرا اثر پڑتا ہے۔ وہ بچپن ہی سے محسوس کرتی ہے کہ نیلا رنگ مردانگی کی علامت ہے۔ وہ خود کو اسی رنگ سے منسلک کرتی ہے۔ اس کے گھر اور گاؤں میں مرد اور عورت کے درمیان واضح فرق اور عدم مساوات موجود ہے۔ وہاں مردوں کو آزادی اور عزت حاصل ہے جبکہ عورتیں پابندیوں میں جکڑی ہوئی ہیں۔
بیکیجا کے خاندان میں تشدد اور سختی عام ہے۔ اس کا بھائی کمزور اور حساس مزاج کا ہے، جسے والد ناپسند کرتے ہیں۔ اس کے برعکس بیکیجا کو ایک مضبوط اور بیٹے جیسی لڑکی کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جو مردانہ کام انجام دیتی ہے۔
کہانی میں ایک اہم موڑ اس وقت آتا ہے جب بیکیجا کی شادی طے کی جاتی ہے۔ اس سے پہلے ایک خوفناک واقعہ پیش آتا ہے، جب ایک ذہنی طور پر معذور شخص اسے زیادتی کا نشانہ بناتا ہے۔ یہ واقعہ اس کی زندگی کو بدل دیتا ہے، لیکن معاشرتی دباو اور عزت کے تصور کی وجہ سے وہ اس بارے میں کسی کو کچھ نہیں بتاتی۔ اس کی شادی کی تیاریاں شروع ہوجاتی ہیں۔ لیکن کنون روایت کے مطابق اگر دلہن پاک نہ ہو تو اسے قتل کیا جاسکتا ہے۔
اس صورتحال سے بچنے کے لیے بیکیجا ایک انتہائی قدم اٹھاتی ہے۔ وہ شادی سے انکار کرکے حلف یافتہ کنواری بننے کا فیصلہ کرتی ہے۔ وہ اپنے بال کٹوا دیتی ہے، مردانہ لباس اختیار کرتی ہے، اور متیجا کے نام سے زندگی گزارنے لگتی ہے۔ اس تبدیلی کے بعد اسے وہ تمام حقوق مل جاتے ہیں جو صرف مردوں کو حاصل تھے، جیسے آزادانہ نقل و حرکت، سماجی میل جول اور خاندان کی سربراہی۔
لیکن اس فیصلے کی قیمت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ کنون کے تحت منگنی یا شادی ٹوٹنے کو خاندانوں کے درمیان توہین سمجھا جاتا ہے۔ اس توہین کا بدلہ خون سے لیا جاسکتا ہے۔ چونکہ بیکیجا اب مرد یعنی متیجا بن چکی ہوتی ہے، اس لیے خاندان کے اندر یہ فیصلہ کرنا پڑتا ہے کہ خون کے بدلے میں کون نشانہ بنے گا۔ بیکیجا کو مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے باپ یا بھائی میں سے کسی ایک کو موت کے لیے منتخب کرے۔ وہ اپنے بھائی کے بازو پر سیاہ پٹی باندھ دیتی ہے، جو اس کی موت کا اعلان ہوتی ہے۔ لیکن بھائی بھاگ جاتا ہے اور باپ کو قتل کیا جاتا ہے، جس سے خاندان ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتا ہے۔
بالغ ہونے کے بعد متیجا تنہا زندگی گزار رہی ہوتی ہے۔ اس کے پاس صرف ایک گائے اور کبوتر ہیں اور وہ ماضی کی یادوں کے ساتھ زندہ ہے۔ وہ ایک صحافی کو اپنی کہانی سناتی ہے، جس کے ذریعے قاری کو اس کے اندرونی کرب، پچھتاوے اور اس معاشرے کی سختیوں کا اندازہ ہوتا ہے۔
ناول میں خطوط کا بھی اہم کردار ہے، خاص طور پر بھائی کا خط، جس میں وہ بیکیجا سے سوال کرتا ہے کہ اس نے اسے موت کے لیے کیوں چنا۔ یہ خط کہانی میں جذباتی گہرائی پیدا کرتا ہے اور دونوں بہن بھائیوں کے درمیان تعلق کو واضح کرتا ہے۔
یہ کہانی شناخت، جبر، روایت، اور ذاتی قربانی کی داستان ہے، جہاں ایک عورت زندہ رہنے اور عزت بچانے کے لیے اپنی اصل پہچان کو قربان کردیتی ہے۔ یہ ناول ہمیں بلغاریہ کے اندر جھانکنے کا موقع بھی دیتا ہے اور اس میں مشرقی معاشرے کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔
اس بارے میں جاننے کے لیے ان لنکس پر کلک کریں:
The Booker Prizes: She Who Remains
Financial Times: She Who Remains — rites and wrongs in the Accursed Mountains