آج کے میچ: میکسیکو بمقابلہ جنوبی افریقا اور چیکیا بمقابلہ جنوبی کوریا
پاکستانی وقت کے مطابق افتتاحی میچ 12 جون کی رات 12 بجے شروع ہوگا، دوسرے میچ کا آغاز صبح 7 بجے ہوگا، پاکستان میں شائقین یہ میچز قومی چینل پر دیکھ سکیں گے
فیفا ورلڈکپ کا افتتاحی میچ میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقا کے درمیان ہوگا جبکہ پہلے دن دوسرے مقابلے میں جنوبی کوریا اور چیکیا آمنے سامنے آئیں گے۔ اگرچہ یہ ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا لیکن ان دونوں میچوں کے نتائج گروپ مرحلے کی ابتدائی سمت متعین کرسکتے ہیں۔
تمام نظریں سب سے پہلے میکسیکو سٹی کے تاریخی اسٹیڈیم ازتیکا پر مرکوز ہوں گی جہاں میزبان ٹیم جنوبی افریقا کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی۔ میکسیکن ٹیم کو نہ صرف ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہے بلکہ ہزاروں پرجوش شائقین کی حمایت بھی اس کے ساتھ ہوگی۔ جنوبی افریقا کے کوچ ہیوگو بروس نے اعتراف کیا ہے کہ میکسیکو کو اپنے میدان اور ماحول کی وجہ سے نمایاں برتری حاصل ہے۔
میکسیکو کی سب سے بڑی طاقت اس کا منظم اور تکنیکی کھیل ہے۔ یہ کئی برسوں سے عالمی سطح پر مضبوط ٹیم سمجھی جاتی ہے اور اکثر ورلڈ کپ کے ناک آوٹ راونڈ تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہے۔ اس بار اس کی امیدیں اسٹرائیکر سانتیاگو خیمنیز، دفاعی مڈفیلڈر ایڈسن الواریز اور تجربہ کار ونگر ہیروِنگ لوسانو سے وابستہ ہوں گی۔ یہ کھلاڑی نہ صرف یورپ کی اعلیٰ لیگز میں کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں بلکہ بڑے مقابلوں کا دباؤ بھی سنبھالنا جانتے ہیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کو اس میچ میں انڈر ڈاگ قرار دیا جارہا ہے، لیکن اس کی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جاسکتا۔ مڈفیلڈر ٹیبوہو موکوئینا اور فارورڈ لائل فوسٹر جنوبی افریقا کے اہم ہتھیار ہوں گے۔ کوچ بروس کے مطابق ان کی ٹیم نے میکسیکو سٹی کی بلندی اور مقامی حالات سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے خصوصی تیاری کی ہے۔
کاغذ پر دیکھا جائے تو میکسیکو واضح فیورٹ دکھائی دیتا ہے۔ متعدد اسپورٹس تجزیہ کاروں کے مطابق میزبان ٹیم کے جیتنے کے امکانات تقریباً 60 سے 65 فیصد جبکہ جنوبی افریقا کی کامیابی کے امکانات 15 سے 20 فیصد کے درمیان ہیں۔ اگر میکسیکو ابتدا ہی میں گول کرنے میں کامیاب ہوگیا تو جنوبی افریقا کے لیے واپسی مشکل ہوسکتی ہے۔
پہلے دن کا دوسرا مقابلہ جنوبی کوریا اور چیکیا کے درمیان ہوگا، اور بہت سے ماہرین کے نزدیک یہ میچ افتتاحی مقابلے کے مقابلے میں زیادہ متوازن اور سنسنی خیز ثابت ہوسکتا ہے۔ جنوبی کوریا گزشتہ دو دہائیوں سے ایشیا کی مضبوط ترین ٹیموں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی پہچان تیز رفتار حملے، سخت پریسنگ اور شاندار فٹنس ہے۔ ٹیم کے کپتان سون ہیونگ مِن بدستور اس کے سب سے بڑے اسٹار ہیں۔ ان کے علاوہ لی کانگ اِن اور ہوانگ ہی چان بھی کسی بھی لمحے میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
چیکیا کی طاقت اس کا منظم دفاع اور جسمانی برتری ہے۔ ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں میں اسٹرائیکر پیٹرک شِک، مڈفیلڈر توماش سُوچیک اور دفاعی کھلاڑی ولادیمیر سوفال شامل ہیں۔ یورپی فٹبال کے سخت مقابلوں میں مسلسل شرکت نے چیکیا کو ایک ایسی ٹیم بنادیا ہے جو کسی بھی مضبوط حریف کو پریشان کرسکتی ہے۔
اس میچ میں کسی ایک ٹیم کو واضح فیورٹ قرار دینا آسان نہیں۔ بیشتر تجزیوں میں جنوبی کوریا کو معمولی برتری دی جارہی ہے اور اس کے جیتنے کے امکانات تقریباً 40 فیصد بتائے جارہے ہیں، جبکہ چیکیا کے امکانات 30 فیصد اور ڈرا کے امکانات بھی 30 فیصد کے قریب سمجھے جارہے ہیں۔ اگر سون ہیونگ مِن اپنی بہترین فارم میں ہوئے تو جنوبی کوریا تین پوائنٹس حاصل کرسکتا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق میکسیکو اور جنوبی افریقا کا افتتاحی میچ 12 جون کی رات 12 بجے شروع ہوگا، جبکہ جنوبی کوریا اور چیکیا کے میچ کا آغاز اسی روز صبح 7 بجے ہوگا۔ پاکستان میں شائقین یہ میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر دیکھ سکیں گے۔
اس بارے میں مزید جاننے کے لیے ان لنکس پر کلک کریں:
Fifa: Mexico centre stage as World Cup 2026 kicks off
Fox Sports: Mexico-South Africa, South Korea-Czechia Kick Off Tournament
Sports Illustrated: Mexico vs. South Africa—World Cup: Preview, Predictions and Lineups